وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک فیز 2 کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت بلوچستان کی معدنیات کو گوادر سے جوڑنے کیلیے راہداری قائم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 میں سے 11ویں سی پیک کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت میرے لئے اعزاز ہے، 14 ویں جے سی سی نے باضابطہ طور پر سی پیک فیز 2 کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کی بجائے بزنس ٹو بزنس تعاون پر زور دے گا، چینی کمپینیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول مہیا کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ بیجنگ کی سرمایہ کاری کانفرنس نئے سفر کا نقطہ آغاز ہے، اڑان پاکستان کا ہدف پاکستان کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانا ہے۔ فائیو ایز فریم ورک اور سی پیک کی پانچ راہداریاں ایک دوسرے سے جڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گروتھ راہداری پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی تیز کرنے کا احاطہ کرتی ہے، برآمدات کو پائیدار ترقی کا محور بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا چین کی دو ٹریلین ڈالر برآمدات میں انتہائی کم حصہ ہے، پاکستانی مصنوعات پر بھی آسیان ممالک کا ٹیرف نافذ کرنے کی تجویز دی ہے۔