41

پاکستان شاہینز کو انگلینڈ میں پہلے میچ سے قبل بڑا دھچکا

لندن:

دورہ انگلینڈ میں پاکستان شاہینز کا آج پہلے ون ڈے میں فرسٹ کلاس کائونٹیز سلیکٹ الیون سے سامنا ہوگا۔

کینٹ کے ٹون برج اسکول گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کے دوران پاکستان کے ٹیسٹ آف اسپنر ساجد خان کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا جس کے باعث وہ شاہینز کے دورہ انگلینڈ سے باہر ہوگئے۔

پاکستان شاہینز آج کینٹ کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ بیکنہم میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلیں گے۔

ساجد خان جلد از جلد دستیاب پرواز سے پاکستان واپس آئیں گے جہاں وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مزید علاج معالجے سے گزریں گے۔ ٹیم مینجمنٹ نے ساجد کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کو طلب نہیں کیا۔

 کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ ٹیم نے تیاریوں کے لیے ملنے والے وقت کا بہترین طریقے سے استعمال کیا، اگرچہ بارش کی مداخلت ہوئی لیکن پھر بھی ہمیں کنڈیشنز سے مانوس ہونے اور سہولیات سے بہتر استفادے کا وقت مل گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ انگلینڈ میں وائٹ بال کرکٹ کو دیکھیں تو یہاں عمومی طور پر بیٹنگ کے لیے سازگار پچز پر ہائی اسکورنگ میچز ہی ہوتے ہیں، ہم نے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے پریکٹس کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مقابل آنے والے پلیئرز انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے زیرغور رہے ہیں، ہمارے اسکواڈ میں بھی شامل نوجوان باصلاحیت ہیں، مجھے یقین ہے کہ بہترین سیریز دیکھنے کو ملے گی، پلیئرز ان میچز میں عمدہ پرفارم کرکے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا سکتے ہیں۔

سعود شکیل نے کہا کہ جب کبھی ایسے ٹورز کا حصہ بننے کا موقع ملے تو بہترین کھیل پیش کرنے سے الگ ہی قسم کا اعتماد میسر آتا ہے، یہ ٹورز اچھی علامات ہیں اور مستقبل میں بھی ان کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

یاد رہے کہ دوسرا ایک روزہ مقابلہ جمعے کو بیکنہم میں ہی ہوگا، تیسرا میچ 27 جولائی کوفرسٹ سینٹرل کائونٹی گرائونڈ ہوو میں شیڈول ہے، دورے میں پاکستانی شاہینز کو 2 سہ روزہ میچز بھی کھیلنے ہیں، پروفیشنل کائونٹی کلب سلیکٹ الیون سے پہلا مقابلہ 29 سے 31 جولائی تک سینٹرل کائونٹی گرائونڈ، ہوو میں ہوگا۔

دوسرا تین روزہ مقابلہ سائوتھ ایشین کرکٹ اکیڈمی اور ایم سی سی ینگ کرکٹرز الیون سے ہونا ہے، یہ میچ 3 سے 5 اگست تک کینٹربری کے اسپٹ فائر گرائونڈ ، سینٹ لارنس پر طے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں