میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ضلع جنوبی کے مرکزی علاقے صدر میں واقع ایمپریس مارکیٹ اور شاہراہ لیاقت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سڑکوں کی مرمت کے جاری کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر کے ایم سی کے محکمہ انجینئرنگ کے افسران نے میئر کراچی کو مرمتی کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں مختلف مقامات کا دورہ کرایا۔
میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے بعد شہر کی 106 اہم شاہراہوں کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے جسے آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں سڑکوں کی مرمت کے کام تیزی سے جاری ہیں اور میں خود رات گئے مختلف مقامات کا دورہ کر رہا ہوں تاکہ کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا جا سکے۔
مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں بھی کوتاہی یا ناقص کام نظر آئے وہ فوری طور پر متعلقہ حکام یا ان سے براہِ راست رابطہ کریں۔