15

گرین شرٹس بنگلا دیشی دیوار گرانے کے لیے بے تاب

کراچی:گرین شرٹس بنگلہ دیشی دیوار گرانے کیلیے بے تاب ہیں، آج ہونے والے سپرفور میچ میں فتح اتوار کو بھارت کیخلاف فائنل پر تصدیق کی مہر ثبت کر دے گی.ٹیم مینجمنٹ کی بیٹنگ لائن پر تشویش ختم نہ ہو سکی، سری لنکا کیخلاف بھی فخر زمان، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور محمد حارث ناکام رہے، حسین طلعت اور محمد نواز نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی تھی.
اوپنر صاحبزادہ فرحان بہتر پرفارم کر رہے ہیں، بولرز خصوصا شاہینآفریدی کی کارکردگی اچھی ہے،گوکہ کاغذ پر گرین شرٹس زیادہ مضبوط دکھائی دیتے ہیں، البتہ آخری سیریز میں ٹائیگرز نے انھیں زیر کر لیا تھا. کپتان سلمان علی آغا نے شاہین آفریدی کو ٹیم کے لیے اثاثہ اور حقیقی میچ ونر قرار دیا ہے، دبئی کی سلو پچ پر پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم فائدے میں رہے گی۔بنگلہ دیش بھارت کیخلاف شکست کو بھلا کر عمدہ کارکردگی کیلیے پ±رعزم ہے،انجرڈ کپتان لٹن داس کی شرکت بدستور غیریقینی ہے
بنگلہ دیش نے سپرفور کا آغاز سری لنکا کیخلاف چار وکٹ کی فتح کے ساتھ کیا تاہم گزشتہ رات بھارت سے میچ میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کو بھارت نے 6 وکٹ سے ہرایا تاہم ٹیم نے سری لنکا کو 5 وکٹ سے زیر کر کے خود کو ایونٹ میں شامل رکھا۔ بلو شرٹس فائنل میں پہنچ چکے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ جمعرات کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ سے ہوگا، گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں، پلیئرز روایتی حریف سے اتوار کو ٹرافی کیلیے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ البتہ بنگال ٹائیگرز کو ترنوالہ سمجھنا غلطی ہوگی، جولائی کی آخری ہوم سیریز میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو1-2 سے زیر کیا تھا،پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو بیٹنگ لائن کی کارکردگی پرسخت تشویش ہے،5 میچز میں اب تک تین ہی نصف سنچریاں بنی ہیں۔
فخرزمان سے شائقین کو روایتی جارحانہ اننگز کا انتظار ہے، ان کے اوپننگ پارٹنر صاحبزادہ فرحان نے اب تک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 156 رنز بنائے ہیں، صائم ایوب نے سب سے زیادہ مایوس کیا،انھوں نے 4.60 کی ایوریج سے5 میچز میں 23 رنز بنائے، ابتدائی تینوں میچز میں تو وہ صفر پر رخصت ہوئے تھے۔ اسی طرح محمد حارث بھی ایک نصف سنچری کے سوا ناکام رہے،انھوں نے 100 رنز بنائے ہیں، سلمان علی آغا 11 کی اوسط سے45 رنز ہی اسکور کر سکے، حسن نواز بھی اپنے تینوں میچز میں ناکام رہے، بنگلہ دیش کو ہرانے کے لیے تمام بیٹرز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں